عام کاروبار اور سٹارٹ اپ میں فرق! آپ کیلئے کیا بہتر ہوگا؟
کچھ بھی کرنے سے پہلے آپ کو اپنے ماضی اور حال کی صلاحیتوں کا جائزہ لینا ہوگا، بزنس ٹرینر مصطفےٰ صفدر بیگ
عام کاروبار اور سٹارٹ اپ میں فرق کیا آپ جانتے ہیں کہ آج دنیا بھر میں لوگ نوکریوں کی بجائے اپنے کاروبار کو ترجیح دے رہے ہیں؟ کیا آپ جانتے ہیں کہ دنیا میں اپنے کاروبار میں بھی اسٹارٹ اپ کا آئیڈیا سب سے زیاد ہ فروغ پا رہا ہے؟
اگر آپ پوچھیں کہ ایسا کیوں ہے تو اس کی سب سے اہم وجہ یہ ہے کہ اس میں ترقی کے بے پناہ مواقع تو موجود ہیں ہی لیکن اس کے ساتھ ساتھ آزادی کا احساس بھی ہے، جو کہ ملازمت کرتے ہوئے آپ کو کبھی میسر نہیں آسکتا۔ عام کاروبار اور سٹارٹ اپ میں فرق
میں آپ کو یہ بھی بتاتا چلوں کہ پوری دنیا کے ساتھ ساتھ اب پاکستان میں "اسٹارٹ اپ” کا بڑا رجحان بڑھ رہا ہے۔ اپنا کام شروع کرنے سے پہلے آپ کیلئے کاروبار اور اسٹارٹ اپ میں فرق جاننا بھی ضروری ہے۔
کاروبار
کاروبار دراصل یہ ہوتا ہے کہ آپ پہلے سے موجود کسی بھی شعبے میں کام کرنا شروع کردیں اور اسے آگے بڑھائیں جیسا کہ آن لائن بزنس سب ہی کررہے ہیں ، آپ بھی کچھ پراڈکٹس میدان میں لے آئیں اور اپنا روزگار کمانا شروع کردیں۔
سٹارٹ اپ
اسٹارپ اپ کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ آپ کسی ایسے آئیڈیے پر کام شروع کریں، جو اِس سے پہلے کسی نے نہ کیا ہو، یا اُس انداز میں کسی نے نہ کیا ہو، جیسا کہ آپ کرنا چاہتے ہیں۔ یعنی اگر آپ آن لائن کام ہی کرنا چاہتے ہیں تو کوئی ایسی پراڈکٹ (ایپ وغیر) متعارف کرائیں، جو آپ سے پہلے کوئی سامنے نہ لایا ہو۔ اسٹارٹ اپ میں دراصل آپ کسی آئیڈیے کے بانی بن جاتے ہیں اور باقی دنیا آپ کو فالو کرتی ہے۔
لیکن حقیقت تو یہ بھی ہے کہ کاروبار اور اسٹارٹ اپ ایک ہی کام کے دو مختلف رُخ ہیں۔ کچھ بھی کرنے سے پہلے آپ کو اپنے ماضی اور حال کی صلاحیتوں کا جائزہ لینا ہوگا۔ آپ کو یقینا دیکھنا ہوگا کہ کیا اپ کوئی سٹارٹ اپ لانچ کرسکتے ہیں؟ یا پھر آپ کو کسی کاروبار میں ہی اپنی قسمت آزمانا ہوگی۔
آئیڈیاز ہی آئیڈیاز
بیرونی دنیا بالخصوص یورپ، امریکہ اور عرب ممالک میں تو اپنا کاروبار کرنے کیلئے درجنوں نہیں بلکہ سینکڑوں آئیڈیاز پر کام ہورہا ہے، لیکن مضامین کی اِس سیریز میں میں آپ کو پاکستان کے کاروباری ماحول کو مدنظر رکھتے ہوئے آسان ترین کاروباری آئیڈیاز بتاوں گا، جو آپ بڑی آسانی کے ساتھ اور بغیر سرمائے کے شروع کرسکتے ہیں۔
اور اگر آپ کے پاس تھوڑا بہت سرمایہ بھی موجود ہو تو پھر تو بہت ہی اچھی بات ہوگی۔
یاد رکھیں کہ اپنا کام شروع کرنے کی راہ میں سب سے پہلے جو چیز رکاوٹ بنتی ہے وہ آپ کی ملازمت ہے، کیونکہ ملازمت میں آپ کم ازکم اپنے آٹھ گھنٹے تو نوکری پر استعمال کررہے ہوتے ہیں۔ اگر آپ نوکری کے ساتھ ہی کاروبار بھی شروع کرنا چاہتے ہیں تو پھر پہلے آپ کو اپنے وقت کو منظم کرنا سیکھنا ہوگا۔
بہتر ہوگا کہ آپ فوری طور پر نوکری نہ چھوڑیں، اس کی بجائے پہلے مرحلے میں آپ کچھ عرصہ نوکری کے ساتھ ساتھ اپنے کام کے لیے بھی مناسب وقت نکالنے کی کوشش کریں۔ یہی ٹائم مینجمنٹ ہے۔