جشن عید میلادالنبی ﷺ ، گلی گلی مرحبا یا رسول اللہﷺ کی صدائیں
سرکارﷺ کی آمد مرحبا۔ دلدارﷺ کی آمد مرحبا۔ منٹھارﷺ کی آمد مرحبا۔ مرحبا یا رسول اللہ ﷺ ۔
اسلام آباد (رائیٹ پاکستان رپورٹ) سرکارﷺ کی آمد مرحبا۔ دلدارﷺ کی آمد مرحبا۔ منٹھارﷺ کی آمد مرحبا۔ مرحبا یا رسول اللہ ﷺ ۔ 12 ربیع الاول جشن عید میلاد النبی ﷺ کے مبارک موقع پر گلیاں جھنڈیوں سے سج گئیں، چوک سبز پرچموں سے سج گئے، چوک چوراہے مرحبا یارسول اللہ ﷺ کے نعروں سے گونج اٹھے، بازار اور عمارتیں برقی قمقموں سے سج گئیں۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں جہاں جہاں مسلمان آباد ہیں، جشن عید میلاد النبی ﷺ نے مسلمانوں کے دِلوں کو عقیدت سے مخمور کردیا ہے۔
جشن عید میلادالنبی ﷺ کے اس مبارک موقع پر شہر شہر ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔ جلوسوں میں رسول اللہ سے عشق کا اظہار کیا جارہا ہے۔ گلی گلی پانی، شربت، اور دودھ کی سبیلیں لگائی گئی ہیں۔ نیازیں تقسیم ہورہی ہیں۔ سیرت رسول ﷺ پر کانفرنس کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
پاکستان میں 12 ربیع الاول کے دن کا آغاز بارگاہ رسالت ﷺ میں ہدیہ درود و سلام سے ہوا۔ اس موقع پر ملک و قوم کی سلامتی اور خوشحالی کیلئے بھی دعائیں مانگی گئیں۔ جشن عید میلادالنبی کے موقع پر پاک فوج کی جانب سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اکتیس توپوں کی سلامی دی گئی۔ اور اسی طرح کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ کے چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔
عید میلادالنبی ﷺ پر صدر عارف علوی کا پیغام
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 12 ربیع الاول پر اپنے پیغام میں کہا کہ رسول اللہ ﷺ کی بدولت دنیا سے ظلم و جبر اور جہالت کے اندھیروں کا خاتمہ ہوا، مساوات، عدل و انصاف اور رحمت کے نور سے دنیا کی آبیاری ہوئی۔ صدر مملکت نے کہا کہ ساری انسانیت کی فلاح رسول اللہ ﷺ کی سنت مبارکہ کی اتباع میں ہے، ڈاکٹر عارف علوی نے کہا اسلام کو درست طریقے سے سمجھنے اور سمجھانے کیلئے سیرت رسول ﷺ کو سامنے رکھنا اور اِس پر عمل کرنا انتہائی ضروری ہے۔
قیدیوں کی سزاں میں کمی
جشن میلادالنبی ﷺ کے مبارک موقع پر ملک بھر میں قیدیوں کی سزاؤں میں 1 ماہ کی کمی کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ وفاقی کابینہ اور صدر مملکت عارف علوی نے سزاوں میں کمی کی منظوری دیدی، جس کے بعد وزارت داخلہ اس حوالے سے چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان کو مراسلہ بھجوا دیا ہے۔ واضح رہے کہ دو تہائی سزا مکمل کرنے والے قیدیوں اور اٹھارہ سال سےکم عمر قیدیوں کی سزاؤں میں بھی ایک ماہ کی کمی کردی جائے گی۔ اس فیصلے سے کرپشن اور دہشت گردی والے قیدیوں کو فائدہ نہیں ہوگا