پاکستان کو ریاست مدینہ کے تصور پر فلاحی ریاست بنانے کی منزل دور نہیں، عمران خان
رسول اللہﷺ کی حیثیت بے مثال آفتاب جیسی ہے، عید میلادالنبی ﷺ پر وزیراعظم کا پیغام
اسلام آباد (رائیٹ پاکستان رپورٹ) حضرت محمد الرسول اللہ صلی اللہ علیہ وآل وسلم کی حیثیت بے مثال آفتاب جیسی ہے، یورپ نے ریاست مدینہ سے راہنمائی لے کر انسانی فلاح کیلئے کام کیا، پی ٹی آئی حکومت کی بھی کوشش ہوگی کہ ریاست مدینہ کے اصولوں سے راہنمائی حاصل کرکے آگے بڑھیں۔ یہ کہنا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کا، جنہوں نے باتیں جشن عید میلادالنبی ﷺؐ کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ حضور نبی کریم ﷺ کی ھیات مبارکہ ایک عظیم فلاحی نظام کے قیام سے عبارت ہے، حضور نبی کریم ﷺ نے ایک فلاحی ریاست قائم کرکے دکھائی، جو بے مثال تھی۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ جدید دور میں لوگوں کی فلاح کی بنیاد پر معاشرے کی تشکیل ریاست مدینہ کے اُنہی اصولوں پر قائم ہے۔ ریاست مدینہ مذہبی و سماجی آزادی اور عدل و انصاف کا عملی نمونہ تھی۔
وزیراعظم نے رسول اللہ ﷺ سے متعلق فرانسیسی ادیب کا پسندیدہ قول اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کیا
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ یورپ نے ریاست مدینہ سے راہنمائی لے کر انسانی فلاح کیلئے کام کیا، پی ٹی آئی حکومت کی بھی کوشش ہوگی کہ ریاست مدینہ کے اصولوں سے راہنمائی حاصل کرکے آگے بڑھیں۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان کو ایک فلاحی ریاست کے سانچے میں ڈھالنے کے سفر کا آغاز کردیا ہے، اور یہ منزل اب زیادہ دور نہیں۔
وزیراعظم عمران خان قوم کو رسول اللہ ﷺ کے یوم ولادت کی مبارک باد پیش کی۔ وزیراعظم نے قوم کو کرونا کی نئی لہر کے دوران حفاظتی اقدامات پر کاربند رہنے کی تلقین بھی کی۔