بچے کی پیدائش پر ماں باپ کو 6 ماہ کی چھٹی کا بل منظور
اس قانون سے اسلام آباد کے سرکاری و غیر سرکاری اداروں کے ملازمین فائدہ اٹھاسکیں گے
اسلام آباد (رائٹ پاکستان رپورٹ) پیدائش پر بچوں کو پورا وقت نہ دے پانے والے سرکاری ملازمین کیلئے بڑی خوشخبری آگئی۔ پارلیمنٹ کے ایوان زیریں قومی اسمبلی کی قانون انصاف کی قائمہ کمیٹی ایک بل کی منظوری دی ہے، جس کے تحت بچوں کی پیدائش پر ماں اور باپ کو چھ ماہ کی چھٹی مل سکے گی۔
ایسے والدین جو ملازمت کرتے ہیں، وہ اِن چھٹیوں کا فائدہ صرف پہلے تین بچوں کی پیدائش پر ہی اٹھاسکیں گے۔ رائٹ پاکستان کی رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین ریاض فتیانہ کی صدارت میں ہوا۔ پیپلز پہارٹی کی رکن اسمبلی شازیہ مری نے بچے کی پیدائش پر ماں کے ساتھ ساتھ باپ کیلئے بھی چھٹی کا بِل پیش کیا۔
شازیہ مری نے بتایا کہ اس قانون کے تحت پہلے بچے کی پیدائش پر ماں کو 6 ماہ کی چھٹی ملے گی اور باپ کو 1 ماہ کی چھٹی ملے گی۔ اسی طرح دوسرے بچے کی پیدائش پرماں کو چار ماہ جبکہ والد کو 1 ماہ کی چھٹی ملے گی۔ تیسرے بچے کی پیدائش پر ماں کو تین ماہ کی چھٹی ملے گی جبکہ والد کو 1 ماہ کی چھٹی ملے گی۔
اس قانون کے تحت والد کو تین بچوں کی پیدائش تک ہی چھٹی ملے گی۔ اس قانون کا اطلاق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تمام سرکاری اور غیر سرکاری اداروں پر ہوگا ۔۔۔۔۔