سینیٹر انوارالحق کاکڑ نگران وزیراعظم مقرر
بڑے بڑے لوگوں کے اندازے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ نگراں وزیراعظم کے بڑے عہدے کیلئے قرعہ چھوٹے صوبے کے نام نکل آیا۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے سینیٹر انوار الحق کاکڑ نگراں وزیراعظم ہوں۔ انوارالحق کاکڑ کون ہیں اور ان کے نام کا قرعہ کیسے نکلا؟ آئیے جانتے ہیں آج کی اس ویڈیو رپورٹ میں
نگراں وزیراعظم کے عہدے پر کون متمکن ہوگا؟ اس حوالے سے کئی ماہ سے قیاس آرائیاں جاری تھیں۔
اس حوالے سے متعدد نام سامنے آئے، جن میں سنجیدہ نام بھی شامل تھے اور فرمائشی نام بھی شامل تھے۔
جو بھی نام پیش کررہا تھا، وہ اس نام کے حق میں زمین و آسمان کے قلابے بھی ملا رہا تھا۔
لیکن اس اہم عہدے کیلئے جس نام پر اتفاق رائے ہوا ہے، وہ کسی کے وہم و گماں میں بھی نہ تھا۔
جی ہاں بلوچستان سے بلوچستان عوامی پارٹی کے سینیٹر انوار الحق کاکڑ نگران وزیراعظم ہونگے۔
اس حوالے سے وزیراعظم میاں شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض احمد میں اتفاق رائے ہوگیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے درمیان وزیراعظم ہاؤس میں ہفتہ کے روز مشاورتی ملاقات ہوئی۔
وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے سینیٹر انوار الحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم بنائے جانے کی تصدیق کی۔
راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے درمیان انوار الحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم بنانے پر اتفاق ہوگیا ہے اور وزیراعظم نے اس فیصلے پر دستخط بھی کردیے ہیں۔
دوسری جانب ترجمان وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں بھی بتایا گیا کہ نگران وزیراعظم کے لیے سینیٹر انوار الحق کاکڑ کے نام پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔
ادھر سینیٹر انوارالحق کاکڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نگران وزیراعظم کیلئے نامزد کرنے پروزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کا شکرگزار ہوں، بطور نگران وزیراعظم اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دوں گا۔
سینیٹر انوارالحق کاکڑ کے حالات زندگی
لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آخر سینیٹر انوار الحق کاکڑ کون ہیں؟
تو آئیے اپ کو سینیٹر انوار الحق کاکڑ کے حالات زندگی کے بارے میں کچھ بتاتے ہیں۔
سینیٹر انوارالحق کاکڑ کا تعلق بلوچستان کے ضلع کاکڑ سے ہے۔
انہوں نے کوئٹہ سے ابتدائی تعلیم حاصل کی جس کے بعد وہ اعلیٰ تعلیم کے لیے لندن چلے گئے۔
انوار الحق کاکڑ نے یونیورسٹی آف بلوچستان سے پولیٹیکل سائنس اور سوشیالوجی میں ماسٹر کیا۔
وہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام اباد سے بھی کورسز کرچکے ہیں۔
سینیٹر انوارالحق کاکڑ نے 2008 میں مسلم لیگ ق کے ٹکٹ پر کوئٹہ سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑا جس میں انہیں کامیابی نہ مل سکی۔
سینیٹر انوار الحق کاکڑ 2013 میں بلوچستان حکومت کے ترجمان رہے جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی کی تشکیل میں ان کا کلیدی کردار رہا۔
بلوچستان عوامی پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر انوار الحق کاکڑ 2018 میں سینیٹر منتخب ہوئے۔
اس وقت وہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سمندر پار پاکستانیز کے چئیرمین بھی ہیں۔
انوارالحق کاکڑ اقلیتوں کے حقوق کے لیے بھی کافی سرگرم عمل رہتے ہیں۔
اس کے علاوہ کرکٹ اور فٹ بال سینیٹر انوارالحق کاکڑ کے پسندیدہ کھیل ہیں۔
بلوچستان سے نگراں وزیراعظم کا تقرر یقینا چھوٹے صوبوں کا احساس محرومی ختم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
اس سے پہلے سال 2013 میں میر ہزار بخش کھوسو کو بلوچستان سے نگراں وزیراعظم بنایا گیا تھا۔