شوق سفر بمقابلہ روایتی حیل و حجت
پولیس فورس سے ریٹائرڈ میرے محترم دوست حکیم چاچا فرماتے ہیں کہ ہمیشہ جوان رہنے کے لئے اس خاتون کے مشورے پر عمل کرنا چاہئیے، جس نے اپنے عمر رسیدہ خاوند کو ہمیشہ جوانوں کی محفل میں رہنے اور گھر میں داخل ہونے کے لئے دروازے کے بجائے دیوار پھلانگنے کی ہدایت کی تھی۔
اس پوسٹ میں شامل تصاویر میں موجود سفید ریش شخصیات خالد عثمان شیخ (ڈائریکٹر ٹیکنیکل آج نیوز) محمد اکرم (انچارج ایچ آر آج نیوز) شاید ایسے کسی مشورے کے محتاج نہیں ہیں، اور نہ کبھی ہوں گے۔ نہ یہ کبھی بھی گھر کی دیوار پھلانگنے والی بے ادبی کرسکیں گے۔
ان میں موجود قدرت کو قریب سے دیکھنے کا جذبہ ،ناممکن کو ممکن بنانے کی جستجو، بلندیوں تک پہنچنے کا عزم، مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کرکے منزل کو پالینے کا حوصلہ کبھی بھی انہیں بوڑھا ہونے نہیں دے گا۔
گزشتہ دنوں مذکورہ دونوں اشخاص نے موسمی اور گلیشیئرز کے خطرات کے باوجود نانگا پربت کیمپ ون تقریبا 16000 فٹ بلندی تک کامیاب مہم جوئی کی۔ اس سے پہلے اس علاقے میں موجود بلدر پیک بھی سر کرچکے ہیں۔
شوق سفر بمقابلہ روایتی حیل و حجت
ان کی ہمت اور ولولے کو دیکھ کر خود اعتمادی بڑھنے لگتی ہے اور موقع کو غنیمت جانتے ہوئے ناممکن کو ممکن بنانے کی جستجو کا سبق بھی مل جاتا ہے۔ شاید شاعر بھی یہی کہنا چاہتا ہے۔
- چلا ہے باد یہ جستجو کو طے کرنے
- شگون گریہ بے اختیار کرتا جا
آخر میں میرا بھی مشورہ یہی ہوگا کہ انسان خود کو بوڑھا تصور کرکے ہمت نہ ہارے۔ بلکہ اس طرح کی مثبت سرگرمیوں کے ذریعے خود کو چست اور توانا رکھے۔ ویسے بھی پہاڑوں کے عاشق ایک پہاڑ سر کرنے سے کئی سال زندگی بڑھنے کی نویدیں سناتے ہیں۔
آپ بھی اپنی عمر کو بڑھانے اور خود کو جوان دیکھنا چاہتے ہیں تو کم از کم پہاڑوں کو سر نہیں کرسکتے ہیں تو حکیم چاچا کے قول پر عمل پیرا ضروررہیں مگر خیال کریں کہ دیوار اپنے گھر کی ہو اور گھر والوں کو پہلے سے اس بات کا علم ہو ورنہ دیوار پھلانگنے کے فورا بعد دوبارہ دیوار پھلانگ کر بھاگنا پڑے گا۔