کہتے ہیں تندرستی ہزار نعمت ہے۔ اس پر زیادہ یقین تو صرف ایک بیمار ہی کرسکتا ہے، لیکن اس جملے پر سب کا ایمان ہونا چاہیے کہ اللہ نے انسان کو سب سے بڑی نعمت اچھی صحت کی صورت میں دی ہے ۔۔۔۔ اچھی صحت کو قائم رکھنا ہمارے اپنے ہاتھ میں ہے ۔۔۔۔۔ صحت مند زندگی کیلئے سب سے اہم یہ ہے کہ ہم یہ دیکھیں کہ ہمارے طرزِ زندگی کا معیار کیسا ہے؟ اپنی روزانہ کی روٹین میں کچھ تبدیلیاں کرکے بھی ہم بے شمار بیماریوں سے بچ سکتے ہیں ۔۔۔۔ اس مضمون میں ہم آپ کو صحت مند زندگی کیلئے پانچ ایسے اصول بتارہے ہیں جن پرعمل کرکے آپ بیماریوں سے بچ سکیں گے۔
1 متوازن خوراک کھائیں
یاد رکھیں کہ ہماری غذا ہماری صحت کو کئی طریقوں سے متاثر کرسکتی ہے، آپ کو معلوم ہی ہوگا کہ کہا جاتا ہے کہ آپ جو کھاتے ہیں وہی آپ کی صحت ہوتی ہے، تو اس کا مطلب یہی ہے کہ اگر آپ متوازن خوراک کا استعمال کریں گے تو آپ صحت مند رہیں گے اور بیماریوں سے دور رہیں گے ۔۔۔۔۔ متوازن غذا کے لیے یہ بھی ضروری ہے کہ آپ ہر ایسی چیز کو اپنی خوراک میں شامل کریں جن میں وٹامنز بھرپور مقدار میں موجود ہوتے ہیں ۔۔۔۔
2 وزن اپنے جسم کے مطابق برقرار رکھیں
یاد رکھیں کہ موٹاپا بے شمار بیماریوں کی جڑ بھی ہے اور نشاندہی بھی کرتا ہے۔ آپ کا وزن آپ کے جسم کے تناسب سے ہونا چاہیے ۔۔۔۔۔ نہ کم اور نہ ہی زیادہ ۔۔۔۔ اگر آپ اپنا وزن برقرار رکھیں گے تو آپ بے شمار بیماریوں سے بچ سکیں گے، وزن برقرار رکھنے کیلئے روزانہ ورزش کو معمول بنالیں ۔۔۔۔ اس کے ساتھ صحت مند خوراک کھائیں اور جو کھائیں اسے "واک، ورزش اور ورک” سے ہضم کرنے کی کوشش کریں ، اس سے آپ موٹاپے سے بچ سکیں گے۔
3 دماغی صحت کو بالکل بھی نظرانداز نہ کریں
دیکھنے میں ایا ہے کہ اکثر لوگ صرف اپنی جسمانی صحت کا ہی خیال رکھتے ہیں اور اپنی ساری توجہ صرف اور صرف جسمانی صحت پر ہی دیتے ہیں ۔۔۔۔۔ لیکن یہاں وہ غلطی کررہے ہوتے ہیں ۔۔۔۔۔ کیونکہ اگر انسان کی دماغی صحت خراب ہوگی تو یاد رکھیں کہ اس سے انسان کی جسمانی صحت خود بخود متاثر ہوجاتی ہے ۔۔۔۔۔ اس لیے ضروری ہے کہ جسمانی صحت کو برقرار رکھنے کیلئے اپنی دماغی صحت کو کبھی نظر انداز نہ کریں ۔۔۔۔۔ اور اگر آپ اپنی دماغی صحت کو بہتر بنانا چاہتے ہیں تو اس کے لیے مراقبہ اور یوگا جیسی دماغی سرگرمیاں بہت مددگار ثابت ہوتی ہیں ۔۔۔۔۔
4 تمباکو نوشی سے پرہیز کریں
صحت مند زندگی کیلئے آکسیجن اور آکسیجن کیلئے آپ کے پھیپھڑوں کا توانا ہونا بہت ضروری ہے ۔۔۔۔۔ یاد رکھیں کہ انسانی پھیپھڑوں کو سب سے زیادہ نقصان تمباکو سے پہنچتا ہے ۔۔۔۔۔ اس لیے اگر آپ ایک بھرپور صحت مند زندگی گزارنے کے خواہشمند ہیں تو اس کے لیے لازمی ہے کہ آپ تمباکو نوشی سے دور رہیں۔ یاد رکھیں کہ پھیپھڑوں کے مسائل کے علاوہ تمباکو نوشی امراضِ قلب اور بلڈ پریشر جیسے عوارض کا باعث بھی بنتی ہے ۔۔۔۔۔
5 روزانہ تین لیٹر پانی پئیں
اگر تو آپ روازنہ چائے، کافی اور سافٹ ڈرنکس ہی پیتے رہیں گے، تو اس سے آپ کی صحت متاثر ہوسکتی ہے، لیکن اگر آپ صحت مند زندگی گزارنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے ضروری ہوگا کہ آپ ان ڈرنکس کے نسبت پانی زیادہ پیئیں ۔۔۔۔ آپ کو اپنے جسم، عمر اور موسم کی مناسبت سے ہر روز ڈھائی سے چار لیٹر تک پانی ضرور پینا چاہیے ۔۔۔۔ پانی جسم کو صرف تروتازہ ہی نہیں رکھتا ہے بلکہ پانی کی وجہ سے جسم کے تمام تر نظام (نظام انہضمام، نظام تنفس اور نظام اخراج وغیرہ) بھی درست رہتے ہیں۔