چوہدری نثار حلف نہ اٹھاسکے، عدالت جانے کا اعلان
ملک کو مفاہمت کی ضرورت ہے، عمران خان ٹھنڈا کرکے کھائیں، چوہدری نثار
لاہور (رائٹ پاکستان نیوز) چودھری نثار حلف: سینیئر پارلیمنٹیرن چوہدری نثار علی خان پیر کے روز رکن پنجاب اسمبلی کا حلف نہ اٹھاسکے اور حلف لیے بغیر ہی اسمبلی سے چلے گئے۔
مسلم لیگ ن کے منحرف راہنما اور سابق وزیر داخلہ نے پیر کے روز صوبائی اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھانے کا اعلان کیا تھا۔
پیر کے روز پنجاب اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو چوہدری نثار علی خان اپنی رکنیت کا حلف اٹھانے کیلئے اسمبلی پہنچ گئے۔
اسمبلی ہال کے باہر میڈیا کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے چودھری نثار علی خان کو دیکھ کر اُن کی آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر سوالات پوچھنے شروع کردیے۔
تاہم چوہدری نثار صحافیوں کے سوالات کا جواب دیے بغیر خاموشی سے ایوان میں داخل ہوگئے، جہاں سابق وزیر داخلہ کو اسمبلی چیمبر میں بٹھا دیا گیا۔
چودھری نثار حلف اور اسمبلی کے قوائد

سابق وزیر داخلہ نے پنجاب اسمبلی کے سیکرٹری محمد خان بھٹی سے ملاقات کی۔ چودھری نثار نے سیکرٹری اسمبلی کو اپنے حلف اٹھانے کے حوالے سے باضابطہ آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ اسیپکر پنجاب اسمبلی اور ڈپٹی اسیپکر پنجاب اسمبلی کی عدم موجودگی میں بھی حلف لے سکتے ہیں۔
انہوں نے سیکرٹری کو بتایا کہ پنجاب اسمبلی کے رول 15 کے مطابق پینل آف چئیرمین کسی بھی نومنتخب رکن اسمبلی سے حلف لے سکتا ہے۔
اس موقع پر چوہدری نثار نے پنجاب اسمبلی کے رولز کی کاپی بھی پنجاب اسمبلی کے اسپیکر کے چیمبر میں پیش کی۔
جس کے بعد چودھری نثار علی خان نے کافی دیر جواب کا جواب انتظار کیا، تاہم اںہیں حلف اٹھائے بغیر ہی ایوان سے باہر آنا پڑا۔
میڈیا سے گفتگو اور کپتان کو مشورہ
اسمبلی کے باہر میدیا سے گفتگو میں سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ انہوں نے 2018 کے عام انتخابات 34 ہزار کی لیڈ سے صوبائی اسمبلی کا انتخاب جیتا تھا۔
چودھری نثار بولے کہ "پہلے مجھے قومی اسمبلی سیٹ پر ہروایا گیا، اور یہ حکومت اب آرڈیننس کے ذریعے مجھے ڈی سیٹ کرنے کی کوشش کررہی ہے”۔
"ایک ہفتہ پہلے پنجاب اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھانےکا فیصلہ کیا تھا اور اس حوالے سے پنجاب اسمبلی کو لکھ کر بھی دیا تھا، لیکن آج مجھے کہا گیا کہ اسمبلی کے اسپیکر موجود نہیں ہیں، لہٰذا حلف نہیں ہوسکتا۔” چودھری نثار
انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ پینل آف چیئرمین کے پاس اختیار ہوتا ہے، وہ کسی رکن سے حلف بھی لے سکتا ہے۔
چودھری نثار نے کہا کہ وہ پنجاب اسمبلی سیکریٹریٹ کے اس رویے کیخلاف عدالت سے رجوع کریں گے۔ انہوں نے دو دن بعد پھر حلف اٹھانے کیلئے اسمبلی آنے کا اعلان کیا۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وہ کسی سیاسی کھیل کا حصہ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ سیاسی امور پر زیادہ بات نہیں کرنا چاہتے، اس وقت ملک کو مفاہمت کی ضرورت ہے،
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو بہت سے لوگ مشورہ دینے والے ہیں، لیکن میں صرف یہی کہوں گا کہ عمران خان ٹھنڈا کرکے کھائیں۔
دوسری جانب سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ حلف اٹھانے سے روک کر عمران خان کی حکومت سے ثابت کردیا کہ اُنہیں واقعی میں چودھری نثار سے سیاسی خطرہ ہے.
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ بصورت دیگر ایک رکن کے حلف اٹھانے کا معاملہ اتنا بڑا ایشوز نہیں بننا چاہیے تھا۔