Ultimate magazine theme for WordPress.

پاک چین تعلقات پر نامور اسکالر ڈاکٹر طلعت شبیر کی نئی کتاب شایع ہوگئی

"پاکستان، چین مشترکہ مستقبل کی تخلیق، اعتماد اور دوستی کا سفر" کی تقریب سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور دیگر نے اظہار خیال کیا

445

پاک چین تعلقات پر ڈاکٹر طلعت شبیر کی کتاب "پاکستان، چین مشترکہ مستقبل کی تخلیق، اعتماد اور دوستی کا سفر” کی تعارفی تقریب انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹیجک سٹڈیز اسلام آباد میں ہوئی، لیکن پہلے کتاب کا تعارف پڑھ لیں۔

کتاب کا تعارف

واضح رہے کہ ڈاکٹر طلعت شبیر نے یہ تحقیقی دستاویزی کتاب مستقبل کے امکانات اور انتخابات کے تناطر میں پاکستان چین تعلقات پر لکھی ہے۔

ڈاکٹر طلعت کی کتاب دونوں اقوام کے درمیان 1947 سے آج تک کے تعلقات پر ایک مشاہدہ اور تجزیہ ہے۔ اگر پالیسی ساز ایک مخصوص نظام الاوقات میں خاص انتخابات اختیار کریں تو یہ کتاب اُس ممکنہ مستقبل پر بھی بحث کرتی ہے جسے تخلیق کیا جاسکتا ہے۔

اس کتاب کے اختتامیے میں کووڈ 19 کے بعد کے عالمی منظر نامے کا اجمالی خاکہ بھی پیش کیا گیا ہے، جس میں ان دونوں ممالک کی دوستی کو بین الاقوامی دباؤ اور مطالبات کی وجہ سے سماجی، معاشی، اور سیاسی بنیادوں پر آزمایا گیا ہے۔

شرکاء کا اظہار خیال

پاک چین تعلقات

اپنے پیش لفظ میں وزیر خارجہ جناب شاہ محمد قریشی نے کہا، "ڈاکٹر طلعت شبیر کی کتاب اس کثیر الجہتی شراکت اور دونوں ملکوں کے لئے آگے جانے کا کیا مطلب ہے پر ایک شاندار اور بروقت بحث ہے۔

انہوں نے اس شراکت کی تاریخ کا آغا زسے کھوج لگایا ہے اور اب ہم کہاں ہیں۔ انہوں نے ان تعلقات کےڈپلو میٹک، سیاسی، معاشی سے لے کر حکمت عملی تک مختلف پہلو اجاگر کئے ہیں۔”

وزیر خارجہ نے مزید کہا ” یہ کتاب ایک گرانقدر یاداشت ہوگی اور تاریخ اور عصری بین الاقوامی تعلقات کے تمام طلبا کیلئے ایک مفید مطالعہ بھی ہوگی، جس سے دور حاضر کی پیش بین شراکت کی گہرائی سمجھنے میں مدد ملے گی۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹیجک سٹڈیز اسلام آباد نے کہا کہ ڈاکٹر طلعت شبیر نے پاک چین تعلقات کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کتاب کا جو ایک پہلو ابھر کر سامنے آتا ہے ، وہ ہے اعتماد کا پہلو۔ اعتماد کا نایاب پہلو جو دو پڑوسیوں میں ہوسکتا ہے۔

انہوں نے اجاگر کیا کہ حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کے عوام نے لسانی اور ثقافتی رکاوٹیں بھی عبور کرنے کی کوشش کی ہے، جیسا کہ اس وقت چینی جامعات اکثر پاکستانی طلبا کیلئے کافی کشش رکھتی ہیں اور بحیثیت قوم ہم چینیوں کی عقلمندی سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔

سابق وزیر دفاع لیفٹننٹ جنرل نعیم خالد لودھی نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں جو کچھ بھی ہوا، پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات گہرے اور مضبوط ہوتے چلے گئے، اور یہ دو طرفہ تعلقات کی نایاب مثال ہے۔

چین کے لئے پاکستانی سابق سفیر جناب مسعود خالد نے کہا کہ ڈاکٹر طلعت نے دو طرفہ تعلقات کی روح کو بڑی مہارت سے سمجھا ہے۔ ان تعلقات نے وقت کی آزمائشوں کو کامیابی سے نمٹا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں اطراف نے اپنے اپنے مشکل حالات میں بھی ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھی، بلا شبہ یہ ریاستوں کے درمیان تعلقات کا منفرد نمونہ ہے۔

پاکستان سٹڈی سنٹر، سیکوان یونیورسٹی کے پروفیسر سونگ ژی ہوئی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ثبوتوں کی بنیاد پر تحقیق ایک عالمانہ کام ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان اور چین کیلئے انتہائی اہم ہے، پاکستان میں صنعتی ترقی پر توجہ مرکوز رکھے ہوئے دونوں اطراف دوسرے مرحلے میں بھی اس پر کام جاری رکھیں گے۔”

ڈاکٹر طلعت شبیر
کتاب کے مصنف: ڈاکٹر طلعت شبیر

پاکستان کے مستقبل پر نمایاں محقق سائنسدان اور صدر "آگاہی” پورویش چوہدری نے کہا کہ اس کتاب میں پاکستان اور چین کے تعلقات کا بہت بڑی حد تک احاطہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طلعت بڑے منفرد اندازمیں ایک قاری کو باور کراتے ہیں کہ ان تعلقات کی وجہ سے کس قدر امکانات پیدا ہو سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آئندہ آنے والے سالوں میں پاکستان اور چین پر یقینی سماجی انصاف کی کتنی بڑی ذمے داری آنے والی ہے۔

آئی ایس ایس آئی کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین جناب ایمبیسڈر خالد محمود نے کہا کہ ڈاکٹر شبیر نے پاکستان چین کے تعلقات کی بامقصد تفصیل بیان کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی کتاب پاک چین تعلقات قائم ہونے کی ستر سالہ تاریخ پر اور چین کی کمیونسٹ پارٹی کی سوویں سالگرہ پر سامنے آئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک منفرد دوستی ہے جبکہ ہماری ثقافت، زبان، معاشی نظام، اور نظریاتی بنیادیں بھی ان سے مختلف ہیں، ان سب کے باوجود ہمارے تعلقات گہرے ہوتے جارہے ہیں۔

تقریب کا انعقاد

یہ تقریب یوریشین سنچری انسٹیٹیوٹ اور مشعل پاکستان نے مل کر منعقد کی۔ اس تقریب میں نمایاں دانشوروں اور تحقیق کے دلدادہ لوگوں نے شرکت کی۔

کووِڈ کی احتیاطی اقدامات کی وجہ سے بہت بڑی تعداد میں لوگوں نے ‘ زُوم’ کے توسط سےشرکت کی۔ بین الاقوامی سطح پر شرکت کے لئے اس تقریب کو یو ٹیوب اور فیس بُک پر لائیو بھی نشر کیا۔

زیر نظر کتاب "پاک چین مشترکہ مستقبل کی تخلیق، اعتماد اور دوستی کا سفر” ڈاکٹر طلعت شبیر کی تصنیف ہے۔ مصنف پاکستان اور چین کے تعلقات پر جانے پہچانے اسکالر ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.