یہ ایک اہم ترین سوال ہے کہ آن لائن کاروبار میں آگے بڑھنے کیلئے ٹیکنالوجی اور آلات یعنی گیجٹس، سافٹ ویئرز اور ایپس وغیرہ کا استعمال سیکھنا کتنا ضروری ہے؟
تو اس مقصد کیلئے سب سے پہلے تو آپ کو یہ دیکھنا ہوگا کہ دراصل ٹیکنالوجی کس چیز کو کہتے ہیں؟ یعنی ٹیکنالوجی کی بنیادی تعریف کیا ہے؟
ٹیکنالوجی کیا کرتی ہے؟
ٹیکنالوجی کی بنیادی تعریف تو یہی ہے کہ یہ انسانی کام کو باسہولت، آسان اور جلد ہونے والا بنادیتی ہے، لیکن اس کا ایک نتیجہ یہ بھی نکلتا ہے کہ جہاں ٹیکنالوجی افرادی قوت کی اہمیت کم کردیتی ہے تو وہیں ترقی کے ساتھ ساتھ ہنرمند افرادی قوت کی اہمیت بھی مزید بڑھ جاتی ہے۔
اگر آپ نے اکیسیویں صدی میں دنیا کے ساتھ ساتھ آگے بڑھنا ہے تو جدید ٹیکنالوجی کے بارے میں آپ کا محض جاننا ہی کافی نہیں، بلکہ آپ کو ٹیکنالوجی کا بروقت، برمحل، درست اور مفید استعمال بھی لازمی سیکھنا چاہیے۔
یہ اس لیے بھی بہت ضروری ہے کہ اگر آپ کو ٹیکنالوجی کی شدبد ہوگی، اگر آپ کو اپنے کام، دھندے یا کاروبار میں مستعمل آلات، ایکویپمنٹس، گیجٹس، ایپس اور سافٹ ویئرز کے بارے میں تفصیلی معلومات ہوں گی تو تبھی آپ ترقی کرسکیں گے اور زندگی کی دوڑ میں آگے بڑھ سکیں گے۔
آپ کو ٹیکنالوجی کس حد تک سیکھنی چاہئیں؟
فرض کریں کہ اگر آپ کے کام میں دس مختلف اسکلز کے استعمال کے بعد ایک پراڈکٹ تیار ہوتی ہے تو اِس میں ترقی کا ایک اصول لاگو ہوتا ہے۔
ترقی کا لازمی یہ اصول یہ ہے کہ اُن 10اسکلز کے بارے میں آپ کو سمجھ بوجھ تو سبھی کے بارے میں ہونی چاہیے، لیکن کم از کم ایک اسکل (مہارت یا ہنر) ایسا لازمی ہونا چاہیے، جس پر آپ خود عمل کررہے ہوں۔
باقی مہارتوں کے استعمال کیلئے آپ اپنے ساتھ ٹیم ممبرز بھی رکھ سکتے ہیں یا پھر اگر آپ چاہیں تو فری لانسرز کی خدمات بھی مستعار لے سکتے ہیں۔
یہ سب کہنر اور مہارتیں آپ براہ راست اساتذہ یا اداروں سے بھی سیکھ سکتے ہیں اور ضرورت کا علم آپ یوٹیوب، ویب سائٹس اور فیس بک جیسے پلیٹ فارمز پر دستیاب ٹیوٹوریلز سے بھی سیکھ سکتے ہیں۔