پاکستان سے متعلق 20 دلچسپ حقائق ایک بڑا اور اہم ملک ہے، اس لیے یہ بالکل ممکن ہے کہ آپ پاکستان کے بارے میں بہت کچھ جانتے ہوں۔
لیکن اس بلاگ میں ہم دعوے کے ساتھ آپ کو پاکستان کے بارے میں ایسے 20 زبردست اور دلچسپ حقائق بتانے جارہے ہیں، جو اس سے 20 دلچسپ حقائق پہلے آپ نہیں جانتے ہوں گے۔
1: ہنرمند فری لانسرز والا چوتھا بڑا ملک
پاکستان دنیا میں سب سے زیادہ فری لانسرز ہنرمند افراد والے ممالک میں شامل ہے۔ اس وقت ایک اندازے کے مطابق ساڑھے 11 لاکھ پاکستانی دنیا کے مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر فری لانسنگ کررہے ہیں۔
ان فری لانسر پاکستانیوں میں زیادہ تر ہنرمند افراد کسٹمر سروسز، سوشل میڈیا، ڈیجیٹل میڈیا، آئی ٹی اور گرافک ڈیزائننگ کے شعبوں میں اپنی خدمات فراہم کررہے ہیں اور سالانہ ایک ارب ڈالر کا زرمبادلہ قومی خزانے میں ڈال رہے ہیں۔
2: پہلا پی سی وائرس دو پاکستانی بھائیوں کی ایجاد
کیا آپ جانتے ہیں کہ پہلا پی سی وائرس دو پاکستانی بھائیوں نے بنایا تھا۔ یہ کارنامہ 1986 میں لاہور سے تعلق رکھنے والے دو بھائیوں باسط فاروق علوی اور امجد فاروق علوی نے سرانجام دیا۔
اس کمپیوٹر وائرس کو "دماغ” کا نام دیا گیا تھا اور یہ ایم ایس ڈاس کیلئے بنایا گیا تھا۔
3: ہمالیائی نمک پیدا کرنے والا سب سے بڑا ملک
یہ تو آپ پہلے ہی جانتے ہوں گے کہ دنیا کی سب سے بڑی نمک کی کان پاکستان میں چکوال کے علاقہ کھیوڑہ میں ہے۔ لیکن حالیہ چند برسوں میں دنیا میں جس ہمالیائی نمک نے بڑی شہرت حاصل کی تو آپ کو یہ جان کر بھی خوشی ہوگی کہ اس ہمالیائی نمک کا بڑا حصہ بھی پاکستان کی ہی پیداوار ہے۔
پاکستان کا یہ ہمالیائی نمک (پنک سالٹ) آج آپ کو دنیا بھر کی سپر مارکیٹوں میں مل جائے گا۔ یہ ہمالیائی نمک (پنک سالٹ) دنیا بھر میں صحت بخش اجزاء کا حامل نمک مانا جاتا ہے۔
4: انسان کا اگایا ہوا سب سے بڑا جنگل، چھانگا مانگا
عموما جنگلات قدتی طور پر اُگے ہوئے ہوتے ہیں، لیکن لاہور میں چھانگا مانگا کا جنگل انسان کا اپنا اگایا ہوا سب سے بڑا جنگل ہے۔ یہ جنگل 1866 میں برطانوی راج میں اگایا گیا۔
کیا آپ یہ دلچسپ حقیقت بھی جانتے ہیں اس جنگل کا نام اِسی علاقے میں رہنے والے دو ڈاکو بھائیوں، "چھانگا اور مانگا” کے نام پر پڑا؟
5: دنیا کا سب سے بلند ترین پولو گراونڈ، شندور
پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں شندور ٹاپ پر واقع پولو گراؤنڈ سب سے بلند ترین پولو گراؤنڈ ہے۔ سطح سمندر سے شندور پولو گراؤنڈ کی بلندی 3700 میٹر ہے۔
6: دنیا کا واحد زرخیز صحرا، تھرپارکر!
صحرا عموما غیر زرخیز اور بنجر زمینیوں پر مشتمل ہوتے ہیں، لیکن پاکستان میں واقع تھرپارکر کا صحرا دنیا کا واحد ایسا صحرا ہے، جو زرخیز ہے۔
تھرپارکر کا صحر رقبے کے لحاظ سے دنیا کا ساتواں بڑا صحرا بھی ہے۔
7: دنیا کی سب سے بڑی گہری بندرگار، گوادر
دنیا کی سب سے گہری بندرگار (ڈیپ سی پورٹ) پاکستان کے شہر گوادر میں ہے۔ گوادر بندرگارہ بلوچستان میں بحیرہ عرب کے ساحلوں سے ملحقہ ہے اور اس کی گہرائی 14 میٹر ہے۔
گوادر میں سی پیک (چین پاکستان اکانومک کاریڈور) کے تحت ایک بڑا اور جدید شہر بھی بسایا جارہا ہے، جو خطے کی تقدیر بدل دے گا۔
8: دنیا کی سب سے بڑی ایمبولینس سروس، ایدھی ٹرسٹ
رفاہی شعبے میں ایمبولینس سروس کے سب سے بڑے نیٹ ورک کا اعزاز بھی پاکستان کے پاس ہی ہے۔ ایمبولینس سروس کا یہ نیٹ ورک ایدھی ٹرسٹ کا قائم کیا ہوا ہے۔
عبدالستار ایدھی کا لگایا ہوا یہ پودا یعنی "ایدھی ٹرسٹ” پاکستان کے ہر چھوٹے بڑے شہر میں ایمبولینس سمیت دیگر سماجی خدمات فراہم کرتا ہے۔
9: دنیا کی قدیم ترین معلوم تہذیب، مہر گڑھ
پاکستان دنیا کی سب سے قدیم ترین تہذہب، مہر گڑھ (6 ہزار قبل مسیح، مجموعی طور پر 8 ہزارسال قدیم) تہذیب کا مسکن ہے۔
اس کے علاوہ پاکستان میں چھ مقامات کو یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثہ میں شامل کیا جاچکا ہے۔ سندھ میں دریافت ہونے والے موہنجو دڑو کے آثار بھی دنیا کی قدیم ترین معلوم تہذیب کی گواہی دیتے ہیں۔
10: ہاتھ سے تیار کیے جانے والے فٹ بال
فٹ بال دنیا کا مقبول ترین کھیل ہے، جو تقریبا ہر ملک میں کھیلا جاتا ہے۔ پاکستان سب سے زیادہ ہاتھ سے تیار کیے جانے والے فٹ بال کی پیداوار کی وجہ سے بھی مشہور ہے۔
یہ دستی فٹ زیادہ تر سیالکوٹ میں تیار کیے جاتے ہیں۔ ایڈیڈاس او نائیک جیسے بڑے برانڈز سیالکوٹ سے فٹ بال تیار کرواتے ہیں۔
11: دو بلند ترین پہاڑی چوٹیاں
دنیا کی دس بلند ترین پہاڑی چوٹیوں میں سے دو پاکستان میں واقع ہیں۔ ان میں کے ٹو دنیا کا دوسرا بلند ترین پہاڑ ہے، اس کی بلندی 8616 میٹر ہے۔
نانگا پربت دنیا کا آٹھواں بلند ترین پہاڑ ہے اور یہ بھی پاکستان میں واقع ہے۔ نانگا پربت کی بلندی 8125 میٹر ہے۔ اس کے علاقے 8 ہزار میٹر سے بلند 5 پہاڑی چوٹیاں بھی پاکستان میں ہی واقع ہیں۔
12: دنیا کی واحد اسلامی جوہری قوت
پاکستان اسلامی ممالک میں سے واحد ملک ہے، جو جوہری طاقت رکھتا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق پاکستان کے پاس ایک سو سے زیادہ وار ہیڈز موجود ہیں۔
دنیا میں پاکستان سمیت صرف آٹھ اعلانیہ جوہری طاقت کے حامل ممالک ہیں۔ اسرائیل کے پاس بھی ایٹمی صلاحیت ہونے کا شبہہ ظاہر کیا جاتا ہے۔
13: دنیا کی بلند ترین پختہ سڑک، شاہراہ قراقرم
شاہراہ قراقرم دنیا کی بلند ترین پختہ انٹرنیشنل روڈ ہے۔ یہ شاہراہ 4714 میٹر بلند مقام سے گزرتی ہے اور چین کو پاکستان سے ملاتی ہے۔
14: اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم، بینظیر بھٹو
محترمہ بینظیر بھٹو اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم تھیں۔ وہ 1988 میں پہلی بار اور 1993 میں دوسری مرتبہ پاکستان کی وزیراعظم بنیں۔
بینظیر بھٹو کے بعد ترکی میں تانسو چیلر، جبکہ بنگلہ دیش میں خالدہ ضیاء اور حسینہ واجد بھی وزیراعظم کے منصب تک پہنچیں۔
15: بڑی مساجد میں سے ایک، شاہ فیصل مسجد
اسلام آباد میں واقع شاہ فیصل مسجد دنیا کی بڑی مساجد میں سے ایک ہے۔ اس مسجد میں بیک وقت ایک لاکھ نمازی نماز ادا کرسکتے ہیں۔
شاہ فیصل مسجد کا باقاعدہ افتتاح 1986 میں ہوا۔ یہ اس وقت پاکستان کی ایک خوبصورت اور سب سے بڑی مسجد ہے۔
16: پاکستان کے اہم ترین شہر
کراچی آبادی کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا اور صنعتی شہر ہے، لیکن چھ دہائی پہلے قائم کیا جانے والا اسلام آباد پاکستان کا دارالحکومت ہے۔
چاروں صوبوں، کشمیر اور گلگت بلتستان کے لوگ اسلام آباد میں آباد ہیں، جس کی وجہ سے اسلام آباد کو پردیسیوں کا شہر بھی کہا جاتا ہے۔
17: سب سے بڑا "دی بائیفو گلیشیئر سسٹم”
قطبی علاقوں سے باہر گلیشیئرز کا سب سے بڑا سسٹم بھی پاکستان میں ہی واقع ہے۔ یہ سسٹم "دی بائیفو گلیشر” کہلاتا ہے۔
18: دنیا کا سب سے بڑا قبرستان، مکلی تھٹہ
دنیا کا سب سے بڑا قبرستان سندھ کے شہر تھٹہ میں مکلی میں واقع ہے۔ اس قبرستان میں 5 لاکھ سے زائد قبریں اور مزار موجود ہیں۔
اتنا بڑا قبرستان بننے میں چار سو سال لگے۔
19: پاکستان کی ملکہ
برطانیہ کی ملکہ ایلزبیتھ دوم 1956 تک پاکستان کی بھی ملکہ تھیں۔ نئے آئین کے تحت گورنر جنرل کا عہدہ ختم کرکے صدر کا عہدہ تخلیق کیا گیا، جس کے بعد پاکستان میں ملکہ کا رسمی عہدہ بھی تاریخ کا حصہ بن گیا۔
20: پاکستان سے متعلق چند دلچسپ حقائق
پاکستان کی قومی زبان اردو ہے۔ پاکستان کی مذہبی تدریس کی زبان عربی ہے۔ پاکستان کی ترانے کی زبان فارسی ہے جبکہ پاکستان کی دفتری زبان انگلش ہے۔