راولپنڈی (رائٹ پاکستان نیوز) افواج پاکستان کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ فوج کو سیاسی معاملات میں نہ گھسیٹا جائے، اپوزیشن کے ساتھ ساتھ بیک ڈور کوئی رابطے نہیں، پی ڈی ایم والے پنڈی آئے تو انہیں چائے پانی پلائیں گے، ان کی اچھی طرح دیکھ بھال کریں گے۔
جنرل ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں افواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔
DG ISPR Press Conference – 11th Jan 2021https://t.co/ldEJBeBlEk
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) January 11, 2021
اپوزیشن کے الزامات کا جواب
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ وہ سیاسی معاملات پر تبصرے سےگریز کرتے ہیں۔ حکومت وقت نے پاک فوج کو کہا تو پاک فوج نے پوری دیانتداری سے الیکشن کرائے، الیکشن پر کسی کو کوئی شک ہے تو متعلقہ اداروں کے پاس ہی جانا چاہیے۔
میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ فوج کو سیاسی معاملات میں گھسیٹنے کی کوشش نہ کی جائے، فوج کو سیاسی معاملات میں آنے کی ضرورت نہیں، انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے ساتھ فوج کے کوئی بیک ڈور رابطے نہیں ہیں۔
مولانا فضل الرحمان سے متعلق سوال پر ترجمان پاک فوج کا جواب پی ڈی ایم کے پنڈی آنے کی وجہ نہیں بنتی، تاہم پی ڈی ایم کے سربراہ پنڈی آنا چاہیں تو انہیں چائے پانی پلائیں گے۔ ان کی اچھی طرح سے دیکھ بھال کریں گے اور کیا کہہ سکتا ہوں میں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ جو باتیں کی جارہی ہیں وہ اچھی نہیں، جس نوعیت کے الزامات لگائے جارہےہیں ان میں کوئی وزن نہیں، جو بھی فوج کے خلاف باتیں کی جارہی ہیں، الزامات لگانے والوں کی باتوں میں اگر کوئی حقیقت ہو تو جواب دیا جائے۔ فوج کا مورال بلند ہے۔
پڑوسی ممالک بارے اظہار خیال
افواج پاکستان کے ترجمان نے کہا کہ بھارتی عزائم سے آگاہ ہیں، ہم بھرپور طور پر تیار ہیں۔ بھارت نے اقلیتوں کے حوالے سے جھوٹا پروپیگنڈا کیا، پاکستانی قوم نے کبھی انتشار کی کوششوں کو ایک لیول سے آگے جانے نہیں دیا۔
میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہا ہے، پاکستان کیخلاف سازشیں کوئی نئی بات نہیں، دو دہائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ فوج اپنا کام کررہی ہے، قربانیاں دے رہی ہے، باڑ لگانے میں بھی قربانیاں دی گئیں، کسی کی مجال نہیں کہ باڑ کو اکھاڑ سکے۔
بلوچستان اور کراچی کی صورتحال
میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے، بلوچستان میں 199 پروجیکٹس کا آغاز کیا گیا ہے، انہوں نے بتاتا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ رواں ہفتے کوئٹہ کا دورہ کریں گے
انہوں نے بتایا کہ دہشتگردی کیخلاف آپریشن سے سیکیورٹی صورتحال مجموعی طور پر بہتر ہوئی، کراچی میں اغوا برائے تاوان کے واقعات میں 98 فیصد کمی، دہشت گردی کے واقعات میں 95 فیصد کمی
جبکہ مجموعی طور پر خودکش حملوں میں 97 فیصد واضح کمی آئی ہے۔