اسلام آباد (رائٹ پاکستان نیوز) اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم (پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ) نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کی حکمت عملی بنالی۔ جس کے تحت اتحاد میں شامل تمام جماعتوں کے ارکان اپنی جماعتوں کے سربراہان کو یکم جنوری سے پہلے استعفی جمع کرادیں گے۔
پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو
1/3 pic.twitter.com/GBrBQVMWoH— Maulana Fazl-ur-Rehman (@MoulanaOfficial) December 8, 2020
لاہور میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کا اجلاس ہوا، جس کے بعد پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے ہمراہ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے فیصلوں کے بارے میں بتایا۔
مولانا فضل الرحمن نے بتایا کہ تمام پارلیمانی جماعتوں کے اراکان کو 31 دسمبر تک اپنے استعفی جمع کرانے کی ہدایت کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی سمیت تمام اسمبلیوں کے استعفے جمع کروائے جائیں گے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت کیخلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ملک کے مختلف حصوں میں جلسوں، شٹر ڈاؤن ہڑتال اور احتجاجی مظاہروں کا شیڈول طے کیا جائے گا۔
مولانا نے کہا کہ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا جائے گا کہ اسلام آباد میں لانگ مارچ کب کیا جائے؟ بدھ کو اس حوالے سے اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں ریلیوں اور پہیہ جام ہڑتال کو حتمی شکل دی جائے گی۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہم عوام کو مایوس کریں گے نہ ہی عوام کا اعتماد خراب کریں گے۔ لاہور کا جلسہ تاریخی ہوگا اور اپوزیشن کا یہ جلسہ حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔