اگر آپ کسی بھی دوسرے شہر جارہے ہیں، چاہے آپ سیر کیلئے جارہے ہیں، یا کسی کاروباری دورہ پر جارہے ہوں، تو گھر سے نکلنے سے پہلے آپ کو جو 20 چیزیں، ٹولز یا اشیاء اپنے ہمراہ ضرور رکھنا چاہئیں مختصر سفرنامہ، ذیل میں اُن کی تفصیل دی جارہی ہے۔
آپ اِسے مختصر سفرنامہ بھی کہہ سکتے ہیں۔ لہٰذا گھر سے نکلنے سے پہلے اس لسٹ کے مطابق یہ 20 نہایت ضروری چیزیں چیک کرلیں، تاکہ بعد میں آپ کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
1: پیدل سفر کے جوتے
کچھ لوگوں کو نئے شہر میں جاکر چہل قدمی کرنا بہت پسند ہوتا ہے۔ یہ بھی ہوسکتا ہے کہ آپ کو بازاروں یا کاروباری اداروں میں لمبا پیدل گھومنا پڑے، تو اس کیلئے میری سفارش ہے کہ آپ سفر کے دوران اچھے، آرام دہ اور پرسکون جوتے (جوگرز وغیرہ) اپنے ہمراہ ضرور رکھیں۔ طویل سفر میں ایسے جوتے ٹھیک رہتے ہیں۔
2: کاٹن کی ٹی شرٹس
جب سورج نکلتا ہے اور آسمان صاف ہوتا ہے تو شہروں میں باہر کا موسم عموما کافی گرم ہوسکتا ہے، لہذا اپنے ساتھ لے جانے کیلئے کاٹن کی ایسی ٹی شرٹس اپنے ساتھ ضرور رکھیں، جنہیں آپ گرم موسم میں پہن سکیں اور وہ پسینہ بھی جذب کرسکیں۔
3: بارش سے بچاؤ والی جیکٹس
بہت سے اجنبی شہروں میں موسم کا کچھ اعتبار نہیں ہوتا۔ اکثر پشین گوئی کے برعکس بھی بادل برس پڑتے ہیں۔ ایسے شہروں میں جانے سے پہلے آپ کو بارش اور آندھی سے حفاظت کیلئے ٹائٹ جیکٹ بھی اپنے ہمراہ رکھنی چاہیے، جو آپ کو بارش وغیرہ سے بچاسکے۔
4: مائیکرو فائبر تولیہ
اگر آپ جراثیم سے بچنا چاہتے ہیں تو پھر کسی دوسرے شخص کا تولیہ کبھی استعمال نہ کریں۔ ہوٹلوں میں فراہم کیے جانے والے تولیے استعمال کرنے سے بھی گریز کریں، اور سفر کے دوران بھی اپنا تولیہ ہمیشہ اپنے ساتھ رکھیں۔
اس مقصد کیلئے مائیکرو فائبر تولیہ خرید لیں، کیونکہ یہ تولیہ وزن میں ہلکا ہوتا ہے۔ یہ تولیہ پسینہ وغیرہ آسانی سے خشک کردیتا ہے اور بیگ میں جگہ بچانے کیلئے اِسے آسانی سے کمپریس بھی کیا جاسکتا ہے۔
5: گرم جیکٹ (فلیس وغیرہ)
جتنا موسم گرما کی گرمی سے بچنا ضروری ہوتا ہے، اتنا ہی موسم سرما کی سردی سے بچنا بھی ضروری ہوتا ہے۔ اس لیے اگر آپ بدلتے موسم میں یا موسم سرما میں دوسرے شہر جارہے ہوں تو گرم جیکٹ، اونی جرسی یا فلیس وغیرہ اپنے ہمراہ ضرور رکھیں۔
6: چھتری
چھتری ایک زبردست چیز ہے، جو انسان کو موسم کی سختی سے بچاتی ہے، اس لیے اگر آپ بارش اور تیز دھوپ سے بچنا چاہتے ہیں تو پھر دوسرے شہر جاتے ہوئے ایک اچھی اور فولڈ ہونے والی چھتری ہمراہ لینا کبھی نہ بھولیں۔
7: کپڑوں کے اضافی جوڑے
بے شک ہم یہ طے کرکے جاتے ہیں کہ ہم نے کسی دوسرے شہر کتنے دن رہنا ہے، لیکن اکثر آپ کو دوسرے شہر میں توقع سے زیادہ دن بھی ٹھہرنا پڑسکتا ہے۔ ایسی صورت میں کسی پریشانی سے بچنے کیلئے کپڑوں کے ایک یا دو اضافی جوڑے ساتھ لے جانے میں کوئی قباحت نہیں ہونی چاہیے۔
8: یادگار لمحات کیلئے کیمرا
زندگی کے خوبصورت اور یادگار لمحات کو محفوظ کرنے کیلئے آپ کے سفری بیگ میں ایک اچھا کیمرا بھی ضرور ہونا چاہیے۔ اگر آپ چاہیں تو اپنے موبائل فون سے بھی تصاویر کھینچ سکتے ہیں، لیکن اگر آپ سفر کے شوقین ہیں تو پھر محض موبائل فون پر انحصار نہ کریں، کیونکہ جو کام ایک "ڈی ایس ایل آر” کیمرا کرسکتا ہے، وہ موبائل فون کا کیمرا نہیں کرسکتا۔
9: چارجر اور پاور بینک
گھر سے نکلنے سے پہلے یہ بھی چیک کرلیں کہ آپ نے اپنے موبائل اور لیپ ٹاپ وغیرہ کا چارجر ہمراہ لے لیا ہے یا نہیں؟ اس کی وجہ یہ ہے کہ بیرون شہر میں یہ چیزیں آپ کو ہر جگہ نہیں مل پائیں گی۔
آپ کو اپنے ساتھ اضافی اور ہنگامی چارجنگ کیلئے پاور بینک بھی ضرور رکھنا ہوگا، کیونکہ اگر موبائل فون وغیرہ کی چارجنگ راستے میں ختم ہوگئی تو آپ کے راستے رابطے ختم ہوجائیں گے، جو نقصان دہ بھی ثابت ہوسکتا ہے۔
10: پانی کی بوتل
بے شک پانی زندگی ہے، جو آپ کو تازہ دم اور متحرک رکھتا ہے۔ جس طرح جراثیم سے بچنے کیلئے اپنا تولیہ ہمراہ رکھنا ضروری ہے، اُسی طرح دوسرں کے گلاس یا بوتل میں پانی پینا مضر صحت بھی ہوسکتا ہے۔ اس لیے بہتر ہوگا کہ آپ پانی کی اپنی بوتل ہمراہ رکھیں، تاکہ آپ بیرون شہر پیٹ کی کسی خرابی یا بیماری سے محفوظ رہ سکیں۔
11: یونیورسل اڈاپٹر
اگر آپ موبائل فون، ٹیبلٹ اور لیپ ٹاپ وغیرہ کیلئے الگ الگ چارجر ہمراہ رکھیں گے تو یہ آپ کیلئے مشکل ہوجائے گا، اور سفری بیگ میں جگہ بھی زیادہ درکار ہوگی۔ اس مسئلے کے حل کیلئے مناسب ہوگا کہ آپ یونیورسل اڈاپٹر خرید لیں۔ یہ "ملٹی پرپز اڈاپٹر” آپ کے چارجنگ کے تمام مسئلے حل کردے گا۔
12: ڈیبٹ کارڈ
گھر سے نکلنے سے پہلے ڈیبٹ کارڈ یا کریڈٹ (اے ٹی ایم کارڈ) وغیرہ ضرور چیک کرلیں، تاکہ کسی بھی مرحلے پر آپ کو پیسوں کا مسئلہ درپیش نہ ہو، تاکہ جیب میں موجود پیسوں کے علاوہ اگر آپ کو پیسوں کی ضرورت پڑے تو آپ کسی بھی اے ٹی ایم مشین سے آسانی سے پیسے نکلواسکیں۔
13: قومی شناختی کارڈ
بیرون شہر کسی بھی ہنگامی صورتحال میں آپ کو کسی جگہ اپنی شناخت ظاہر کرنا پڑسکتی ہے۔ اس کے علاوہ مختلف چیک پوسٹوں سے گزرتے ہوئے اور اداروں میں داخلے کے وقت بھی انتظامیہ آپ سے شناختی دستاویز وغیرہ طلب کرسکتی ہے۔ اس لیے بیرون شہر جانے سے پہلے اپنا قومی شناختی کارڈ ہمراہ ضرور رکھیں۔
14: متعلقہ چیزیں
یہ ضرور چیک کرلیں کہ جس مقصد کیلئے آپ بیرون شہر جارہے ہیں، آپ نے اُس سے متعلقہ چیزیں، سامان یا دستاویزات اپنے ہمراہ رکھ لی ہیں یا نہیں۔ کیونکہ اکثر بھلکڑ لوگ وہی چیز گھر بھول آتے ہیں، جس کیلئے وہ بیرون شہر جارہے ہوتے ہیں۔
15: پیکنگ کیوبز (پیکنگ شاپرز)
اکثر یہ ہوتا ہے کہ آپ کو بیگ میں کوئی چیز تلاش کرنا ہو تو آپ کو بھول جاتا ہے کہ وہ چیز آپ نے کہاں یا کس کونے میں رکھی ہے؟ یوں آپ وہ مطلوبہ چیز تلاش کرتے ہوئے سارا بیگ الٹ پلٹ کردیتے ہیں۔
اس مسئلے کے حل کیلئے مناسب ہوگا کہ آپ پیکنگ کیوبز (پیکنگ یا شاپنگ بیگز) میں ڈال کو چیزوں کو ترتیب سے بیگ میں ڈال لیں۔
16: ڈے بیک پیک
اگر آپ بیرون شہر کسی گھر یا ہوٹل میں ٹھہریں تو وہاں گھومتے ہوئے آپ سارا بیگ اپنے ہمراہ اٹھائے نہیں پھرسکتے۔ اس لیے شہر میں گھومتے ہوئے آپ ایک چھوٹا "بیک پیک” اپنے ہمراہ ضرور رکھیں، تاکہ آپ اُس میں دن کے دوران استعمال ہونے والی چھوٹی موٹی چیزیں سنبھال سکیں۔
17: بڑا سفری بیگ
یہ سب سامان اپنے ساتھ لے جانے کیلئے آپ کو ایک بڑے بیگ (سفری بیگ) کی بھی ضرورت ہوگی۔ ایسا سفری بیگ آپ کے پاس ضرور ہونا چاہیے، جس مین ضرورت کی تمام چیزیں آسانی کے ساتھ آسکیں۔ بہتر ہوگا کہ آپ ایسا سفری بیگ خرید لیں، جسے تالہ وغیرہ بھی لگایا جاسکے۔
18: دیگر دستاویزات
دوسرے شہر جاتے ہوئے آپ کے پاس کچھ دیگر دستاویزات بھی لازمی ہونی چاہئیں۔ مثال کے طور پر اگر آپ بیرون شہر اپنی ذاتی گاڑی پر جارہے ہیں تو پھر گاڑی کا ملکیتی ثبوت (کارڈ یا کاپی وغیرہ) اور ڈرائیونگ لائسنس وغیرہ بھی اپنے ہمراہ ضرور رکھیں۔
19: گاڑی کا چیک اپ
اگر آپ اپنی ذاتی گاڑی میں بیرون شہر جارہے ہیں تو، گھر سے نکلنے سے پہلے گاڑی کو اچھی طرح چیک کرلیں، گاڑی کے ٹائر، پیٹرول، بریکیں، لائٹس، سٹپنی (اضافی ٹائر) اور ٹول کِٹ کو لازمی چیک کرلیں۔
20: نکلنے سے پہلے ضروری تصدیق
بیرون شہر کیلئے گھر سے نکلنے سے پہلے یہ آخری کام بھی ضرور کرلیں۔ مثال کے طور پر اگر آپ ہوٹل میں ٹھہریں گے تو فون کرکے اپنے لیے کمرے کی بکنگ کی تصدیق کرلیں۔ آپ جن لوگوں سے ملنے جارہے ہیں، اُنہیں بھی آگاہ کرکے تصدیق کرلیں کہ وہ دستیاب ہوں گے یا نہیں؟
یہ تمام کام کرنے کے بعد اللہ کا نام لیں۔ سفر کی دعا اور اِس سفر میں اپنے مقصد کی کامیابی کی دعا پڑھیں اور گھر سے نکل آئیں۔