Ultimate magazine theme for WordPress.

پاکستان میں عدم استحکام کی بھارتی کوششوں پر کور کمانڈرز کانفرنس کا شدید اظہار تشویش

339

راولپنڈی (رائٹ پاکستان نیوز) کور کمانڈر کانفرنس نے پاکستان میں بھارتی سرپرستی میں دہشت گردی کے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

افواج پاکستان کے ترجمان کے مطابق کورکمانڈر کانفرنس آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت ہوئی۔ کانفرنس میں جیو اسٹریٹجک، علاقائی اور قومی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس نے افغان امن عمل میں مثبت پیشرفت کا بھی جامع جائزہ لیا۔ کانفرنس نے ملکی داخلی سلامتی، سرحدوں، ایل او سی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر تبادلہ خیال کیا۔

دہشت گردی کی سرپرستی پر تشویش

کور کمانڈر کانفرنس نے پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی بھارتی کوششوں اور بھارتی سرپرستی میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے کہا کہ دہشت گرد تنظیموں کی مالی اعانت میں بھارت کے ملوث ہونے کے علاوہ سی پیک کو سبوتاژ کرنے اور پاکستان میں بدامنی پھیلانے کیلئے بھارت کی جانب سے دہشتگردوں کی تربیت خطے میں امن و سلامتی کے منافی ہیں۔

ایل او سی پر بلاشتعال بھارتی فائرنگ

ڈی جی آئی ایس آئی ، ڈی جی آئی ایس پی آر اور کورکمانڈرز کانفرنس کے دیگر شرکاء

افواج پاکستان کے ترجمان کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں بھارتی فورسز کی جانب سے ایل او سی پر سول آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے اور سیز فائرخلاف ورزیوں میں حالیہ اضافے کا معاملہ بھی زیرغور آیا۔

کورکمانڈرز کانفرنس نے بھارتی فائرنگ سے ایل او سی کے ساتھ مقیم بے گناہ شہریوں کو بچانے کیلئے تمام اقدامات اٹھانے کا عزم کیا۔ فورم نے کسی بھی غلط کارروائی کے خلاف مادر وطن کے دفاع کیلئے مضبوط عزم کا اظہار بھی کیا۔ فورم نے آزاد جموں و کشمیر، بلوچستان اور گلگت بلتستان بدامنی کی کوششوں کو بھی خطے میں امن و سلامتی کے منافی قرار دیا۔

پاک فوج کا عزم اور آرمی چیف کی ہدایات

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کیلئے ضروری اقدامات پر بھی غور کیا۔ آرمی چیف نے تمام کمانڈرز کو قومی کوششوں کی حمایت کیلئے اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج ریاستی اداروں اور قوم کے تعاون سے تمام داخلی و بیرونی چیلنجز کو ناکام بنانے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم اِن چیلنجز کو پاکستانی عوام کی خوشحالی اور استحکام کے مواقع میں تبدیل کریں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.