Ultimate magazine theme for WordPress.

15 آسان بزنس آئیڈیاز ، کم پیسے لگاکر لاکھوں کمائیں

سر مصطفےٰ صفدر بیگ اس مضمون کے مصنف ہیں، جو پاکستان کے معروف ٹرینر، بزنس ایڈوائزر اور موٹیویشنل اسپیکر بھی ہیں

929

اگر آپ ایسے 15 آسان بزنس آئیڈیاز پر کام کرنا چاہتے ہیں، جو تھوڑے پیسوں میں آسانی سے شروع ہوجائیں۔ اور آپ مہنگائی کے اِس دور میں آسانی سے اپنے گھر کا خرچہ چلاسکیں گے، اس مضمون کو آخر تک ضرور پڑھیں۔

بالخصوص یہ مضمون ایسے لوگوں کیلئے ہے جو کہتے ہیں ہم تو ہر کام کرنے کو تیار ہیں، لیکن پاکستان میں کوئی کام ہی نہیں ہے۔ تو پھر تیار ہوجائیں۔

اس مضمون میں ، میں آپ کو ایسے بزنس آئیڈیاز کے بارے میں بتانے والا ہوں، جو دس سے پندرہ ہزار روپے میں شروع ہوجاتے ہیں اور آپ آسانی سے ماہانہ ایک لاکھ روپے یا اس سے زیادہ بھی کماسکتے ہیں۔

اس موضوع پر "سر مصطفے صفدر بیگ” کا ویڈیو بلاک دیکھنے کیلئے درج ذیل لنک پر کلک کریں

سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ پاکستان میں کونسا کام کریں اور کیسے کریں؟ تو میں آپ کو یہاں بزنس آئیڈیاز کے بارے میں بتاتا ہوں، جو آپ انتہائی قلیل سرمایے سے بھی شروع کرسکتے ہیں۔ یاد رکھیں کہ یہ تمام کاروبار چند ہزار روپے میں آسانی سے شروع کیے جاسکتے ہیں۔

1: کرتوں کا بزنس

دوستو! آپ لاہور، فیصل آباد اور کراچی سے مرد اور خواتین کے کُرتے منگوالیں۔ آپ اپنے شہر میں کسی اسٹور پر یا گھر پر رکھ کر یا آن لائن طریقے سے یہ کُرتے بیچ کر اچھا خاصہ منافع کماسکتے ہیں۔

ایک کُرتا دو سے تین سو روپے آسانی کے ساتھ منافع دے دیتا ہے۔ آپ روزانہ دس کرتے بھی بیچ لیں تو ماہانہ ساٹھ سے نوے ہزار روپے آسانی سے کماسکتے ہیں۔

یاد رکھیں آپ کُرتے کریڈٹ پر بھی لے سکتے ہیں۔ اس کام کیلئے آپ کو زیادہ سرمایہ کاری کی بھی ضرورت نہیں پڑتی۔

2: بچوں کے کھلوں کا بزنس

کیا آپ جانتے ہیں کہ کاروبار میں سب سے زیادہ پیسہ ایسی چیزوں میں ہے جو بچوں سے متعلق ہوتی ہیں۔ لوگ اپنے لیے کچھ خریدیں یا ناں خریدیں، لیکن اپنے بچوں کیلئے ضرور خریداری کرتے ہیں۔ تو پھر پہلی فرصت میں ہی لاہور چلے جائیں۔ آپ نے لاہور میں مشہور شاہ عالم مارکیٹ کا تو سنا ہوگا۔ اس مارکیٹ میں بچوں کے کھلونوں کی ایک بڑی ذیلی مارکیٹ بھی ہے، جہاں سے انتہائی سستے کھلونے مل جاتے ہیں۔ آپ اپنے علاقے میں یہ کھلونے بیچ کر 70 سے 100 فیصد منافع آسانی سے کماسکتے ہیں۔

3: گارمنٹس کا بزنس

شاہ عالم مارکیٹ لاہور کے اندر ہی ایک اور ذیلی مارکیٹ اعظم کلاتھ مارکیٹ بھی ہے۔ آپ اعظم کلاتھ مارکیٹ سے بچوں کے گارمنٹس سستے خرید سکتے ہیں  اور اپنے علاقے میں آپ کہیں بھی اسٹال وغیرہ لگاکر بھی منافع پر بیچ سکتے ہیں۔ اس کام میں بھی آپ آسانی کے ساتھ 50 ہزار روپے ماہانہ کماسکتے ہیں۔

4: کھُسوں کا کام

لاہور میں ایک اور مشہور بازار "ٹیکسالی بازار” ہے۔ یہ بازار دیسی ساختہ جوتوں اور ہر طرح کے کھُسوں کیلئے مشہور ہے۔ ٹیکسالی سے جوتے اور کھُسے لاکر آپ اپنے شہر میں بیچ سکتے ہیں۔ اس کام میں بھی آپ ساٹھ ستر ہزار روپے تک ماہانہ منافع کماسکتے ہیں۔

5: کمالیہ کے کھدر کا کاروبار

کیا آپ جانتے ہیں کہ کمالیہ کیوں مشہور ہے؟ کمالیہ دراصل کپڑے کی مشہور اور پسندیدہ قسم یعنی کھَدر کیلئے مشہور ہے۔ کمالیہ کا کھَدر پوری دنیا میں مشہور ہے اور ہاتھوں ہاتھ بک جاتا ہے۔ کمالیہ سے آپ کو کھدر کی ہر طرح کی کوالٹی مل جائے گی۔ آپ پاکستان کے کسی بھی شہر میں رہتے ہوں، بس کمالیہ سے کھدر منگوالیں، یا جاکر لے آئیں۔

ابتداء میں چاہیں تو کھدر کے چند تھان منگواکر دوستوں کو بتادیں۔ وہی آپ سے کھدر لے لیں گے۔ پھر آپ کے دوست اپنے دوستوں کو بتائیں گے تو آپ کا منگوایا ہوا کھدر معمول میں بکنے لگے گا۔ اگر آپ یہ کپڑا پرچون میں نہیں بیچنا چاہتے، تو اپنے علاقے میں کپڑے کی دکانوں کو سپلائی کرنا شروع کردیں۔ اس کام میں آپ آسانی سے ایک سے ڈیڑھ لاکھ روپے ماہانہ کماسکتے ہیں۔

6: پیرمحل کی چپلوں کا کاروبار

ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پیرمحل نام کا ایک خوبصورت قصبہ ہے۔ موجودہ گورنر پنجاب چودھری سرور کا تعلق بھی اسی قصبہ سے ہے۔ پیر محل چپل سازی کے سینکڑوں کارخانوں کی وجہ سے مشہور ہے۔

پیر محل کی چپلیں پاکستان کے ہر چھوٹے بڑے شہر میں اپنی پائیداری اور کم قیمت کے باعث پسند کی جاتی ہیں۔

آپ پیرمحل سے چپلیں خرید کر اپنے علاقے میں پرچون میں بھی بیچ سکتے ہیں، اور چاہیں تو پورے پاکستان میں سپلائی بھی کرسکتے ہیں۔ اِس کام سے بھی ماہانہ ایک لاکھ روپے تک کمانا کوئی مشکل نہیں ہے۔

7: فیصل آباد کے کپڑے کا کام

یقینا آپ جانتے ہوں گے کہ فیصل آباد پاکستان کا ٹیکسٹائل سٹی ہے۔ فیصل آباد سے ہر طرح کا ان سلا کپڑا سستے داموں آسانی سے مل جاتا ہے۔ آپ فیصل اباد سے یہ کپڑا خرید کر اپنے شہر میں بیچ بھی سکتے ہیں، اور دوسرے شہروں کو سپلائی بھی کرسکتے ہیں۔

اس کاروبار میں منافع آپ کی سوچ سے بھی زیادہ ہے۔ فیصل آباد میں کامیابی کی ایسی کئی سچی کہانیاں موجود ہیں، جن میں لوگوں نے ایسے ہی کام شروع کیا اور پھر اپنی ٹیکسٹائل ملیں تک لگالیں۔

8: موٹر سائیکل کور کا کاروبار

موٹر سائیکل سوار کیلئے جتنا ضروری ہیلمٹ ہے، اُتنا ہی ضروری موٹر سائیکل کا کور بھی بنتا چلا جارہا ہے۔ کاروں کے سیفٹی کور کی طرح موٹر سائیکل کے سیفٹی کور کی بھی اب بڑی ڈیمانڈ ہے۔ یہ کور فیصل آباد سے مل جاتے ہیں۔ آپ اپنے برانڈ کے مطابق آرڈر پر خود بھی یہ کور سلواسکتے ہیں۔ ہر کور آپ کو تین سے پانچ سو روپے تک بچت دے دیتا ہے۔ ان کی اتنی مانگ ہے کہ آپ اکیلے ڈیمانڈ پوری نہیں کرسکتے۔ چند ماہ پہلے ہمارے ایک دوست نے کام شروع کیا، اب اس نے اپنے ساتھ دس افراد کی ٹیم بھی رکھ لی ہے اور اسے ماہانہ ڈیڑھ لاکھ روپے بچت ہورہی ہے۔

9: خیرپور کی کھجور کا کام

کھجور ایک ایسا پھل ہے، جو سارا سال کھائی جاتی ہے۔ لیکن کیا آپ یہ جانتے ہیں کہ خطہ عرب کا پھل ہونے کے باوجود سب سے زیادہ کھجور پاکستان کے علاقہ خیرپور سندھ میں پیدا ہوتی ہے۔

آپ کو خیرپور سے ہر طرح کی لذید اور ذائقے دار کھجوریں سستی مل جائیں گی۔ آپ اسٹال نہیں لگانا چاہتے تو کوئی بات نہیں ۔۔۔۔۔ آپ اس کے خوبصورت پیکیٹس بناکر آن لائن اور مقامی دکانوں کو سپلائی کرکے کسی بھی گریجوایٹ نوکری سے زیادہ پیسے کماسکتے ہیں۔

آپ کام کرنے والے بنیں، کام اور بزنس آئیڈیاز بہت ہیں۔ لیکن ایک ہی مسئلہ ہے کہ یہ سب کام ہمیں بہت چھوٹے نظر آتے ہیں۔

ہم سوچتے ہیں ہم نے یہ کام کیے تو معاشرے میں ہمارا، قد، ناک اور رتبہ چھوٹا ہوجائے گا۔ اگر یہ کام کرکے آپ کو اپنا رتبہ چھوٹا معلوم ہوتا ہے تو چلیں، میں آپ کو کچھ ایسے کاروبار بتاتا ہوں، جنہیں کرکے آپ کو اپنا رتبہ چھوٹا معلوم نہ ہو۔

10: شکار پور کے اچار کا بزنس

کیا اپ جانتے ہیں کہ شکار پور سندھ کا اچار پاکستان سمیت دنیا بھر میں بڑا پسند کیا جاتا ہے۔ اس مین ہر قسم کا اچار شامل ہوتا ہے۔ بعض اقسام ایسی بھی ہوسکتی ہیں، جو اپ یا اپ کے علاقے میں کسی نے چکھی بھی نہ ہوں، تو آپ اپنے علاقے میں شکار پور کا مشہور اچار متعارف کراسکتے ہیں۔ یہ کام ایک باقاعدہ برانڈ بنا کر بھی کرسکتے ہیں۔ یہ کام اپ تھوک اور پرچون دونوں شکل میں کرکے لاکھوں روپے کماسکتے ہیں۔

11: شرقپور کے کھسوں کا کاروبار

کُرتے کے ساتھ کھُسہ پہننا محض فیشن ہی نہیں بلکہ صدیوں پرانی روایت بھی ہے۔ پاکستان میں سب سے مشہور کھُسہ شرق پور کا سمجھا جاتا ہے۔ اگر آپ پہلے ہی جوتوں کا کاروبار کررہے ہیں تو اُس کے ساتھ کھُسوں کی یہ ورائٹی ضرور رکھیں، ورنہ آپ بالکل نیا کام شروع کرکے بھی منافع میں رہیں گے۔

یہ بزنس آئیڈیاز پڑھتے ہوئے ایک بات ہمیشہ یاد رکھیں کہ محنت میں بڑی عظمت ہے۔ کبھی کسی کام کو چھوٹا یا گھٹیا نہ سمجھیں۔ بس یہ یاد رکھیں کہ محنت کرنے والا اللہ کا دوست ہے۔ اور اللہ کبھی اپنے دوست کو نقصان میں نہیں رکھ سکتا۔ اس لیے جو بھی کام کریں، پوری محنت اور ایمانداری کے ساتھ کریں۔

12: موسمی مشروبات اور پکوان

موسم سرما میں آپ چکن کارن سوپ، بار بی کی اور گرین ٹی وغیرہ کا اسٹال لگاسکتے ہیں۔ آپ برگرز اور شوارما وغیرہ کا اسٹال لگاسکتے ہیں۔

اسی طرح موسم گرما میں آپ ٹھنڈے مشروبات، قلفہ فالودہ، فروٹ چاٹ یا دھی بڑوں کا اسٹال لگاکر مہینے کا ایک لاکھ روپیہ آسانی سے کماسکتے ہیں۔

13: سستے یا استعمال شدہ گارمنٹس کا کام

اگر آپ کے پاس بہت ہی کم سرمایہ ہے تو آپ کوئی ریڑھی یا ٹھیلا وغیرہ کرایے پر لے لیں ۔۔۔۔ آپ فیصل آباد یا لاہور سے سستے ملبوسات لاکر بھی ٹھیلے پر بیچ سکتے ہیں۔ آپ بچوں کے سستے یا استعمال شدہ گارمنٹس بیچ کر بھی ماہانہ ٹھیک ٹھاک پیسے کماسکتے ہیں۔

14: ڈرائیونگ کی خدمات

اگر آپ کو گاڑی چلانا آتی ہے؟ تو آپ گاڑی چلانے کی خدمات سرانجام دے سکتے ہیں۔ آپ رکشہ اور ٹیکسی وغیرہ چلاسکتے ہیں۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ ہزاروں پڑھے لکھے ایم ایس سی ، ایم فل ، پی ایچ ڈی ڈگری ہولڈر پاکستانی امریکہ اور یورپ میں ٹیکسی ہی چلاتے ہیں۔ اب تو اوبر اور کریم جیسی آن لائن سروسز پاکستان میں موجود ہیں۔ آپ اُسن سروسز کے ساتھ کام کرلیں۔ یقین مانیں کہ اس کام میں آپ کسی بھی فریش گریجوایٹ انجینیئر کی تنخواہ سے ڈبل پیسے روزانہ آٹھ دس گھنٹے کام کرکے کماسکتے ہیں۔

15: مٹی کا کاروبار

کیا آپ جانتے ہیں کہ پاکستان کی مٹی میں بھی ہاتھ ڈالیں تو یہ سونا ہے؟ آپ مٹی کے برتن بناکر بیچ سکتے ہیں۔ آپ مٹی کی اینٹوں کا کام کرسکتے ہیں۔ آپ کرایے پر ٹرالی لے کر بنیادوں وغیرہ میں مٹی بھرنے کا کام شروع کرسکتے ہیں۔ مٹی میں ہاتھ ڈال کر دیکھیں، کیونکہ اِس میں بڑا پیسہ ہے۔

کام شروع کرنے سے پہلے یاد رکھنے کی بات

اِن میں سے کسی بھی آئیڈیے پر عمل کرنے سے پہلے آپ کو درج ذیل 5 باتوں کا ضرور عمل ہونا چاہیے۔

  1. اس کاروبار کیلئے کم سے کم کتنا سرمایہ ضروری ہے؟
  2. مال کہاں سے زیادہ سے زیادہ سستا ملے گا؟
  3. تھوک ڈسٹری بیوٹرز سے سستا اور اچھا مال کیسے خریدنا ہے؟
  4. گاہک کو مناسب منافع پر کیسے بیچنا ہے؟
  5. بزنس پلان کیسے بنانا ہے اور کاروبار کو آگے کیسے بڑھانا ہے؟

اگر آپ کو یہ 5 اہم باتیں معلوم نہیں تو سیکھ لیں۔ اگر آپ یہ سب کچھ سیکھنا چاہتے ہیں تو مضمون میں شامل ویڈیو کو ضرور دیکھیں۔ اس میں آپ کو آگاہی مل جائے گی۔

Business Ideas

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.